یوم دفاع: عمران خان جی ایچ کیو کی تقریب کے مہمان خصوصی


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان افواج پاکستان کے ہیڈکوارٹرز جی ایچ کیو میں ہونے والے یوم دفاع کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے۔

بدھ پانچ ستمبر کو گی گئی ٹوئیٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ جی ایچ کیو میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ عمران خان کا  دوسرا دورہ جی ایچ کیو ہوگا۔ گزشتہ ہفتہ عمران خان نے اپنی کابینہ کے اہم اراکین کے ساتھ افواج پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا تھا جس کے دوران فوج کے ہائی کمانڈ کی جانب سے وزیر اعظم کو ملک کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔

پاک فوج نے اعلان کر رکھا ہے کہ اس سال یوم دفاع و شہداء 2018 ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘  کی  تھیم کے تحت منایا جائے گا، اس سلسلے میں مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں  ہوگی جسے ٹیلی ویژن پر براہراست نشر کیا جائے گا۔

پاک بھارت جنگ 1965 میں پاکستانی افواج کی شاندار دفاعی کارکردگی اور قربانیوں کی یاد میں یوم دفاع ہر سال چھ ستمبر کو پاکستان میں ایک قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق اس بار یوم دفاع و شہداء ہر سال سے منفرد انداز میں منایا جائے گا، کسی بھی شہید کی شہادت کو بھلایا نہیں جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک شہید ہونے والے جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قوم کے نمائندے شہداء کے گھروں پرجائیں گے اور لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

یوم دفاع کے دوران ملک کے تمام فضائی اڈوں، ریلوے اسٹیشنز اور شاپنگ مالز پر شہداء اور قومی ہیروز کی یاد تازہ کرنے کے لیے تصاویر آویزاں کی جائیں گی، افواجِ پاکستان جنگی ہتھیاروں کی نمائش بھی کرے گی۔

ملک بھر میں یوم دفاع کے روز شہداء کے لواحقین اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چھاؤنیوں اور تعلیمی اداروں میں  تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں