اسلام آباد: ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔
ایئر چیف مارشل اور وزیرخارجہ کے درمیان دفتر خارجہ میں ملاقات ہوئی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستان کی سلامتی، موجودہ اسٹرٹیجک صورتحال اور ملک کو درپیش اندورنی و بیرونی خطرات پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیرخارجہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ کو نو منتخب حکومت کے ایکشن پلان کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ اپنے ملک کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت، جذبے اور کارکردگی کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیرخارجہ نے ایئر پاک فضائیہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
شاہ محمود قریشی ماضی میں بھی پاکستان کے لیے وزیرخارجہ کے فرائض انجام دے چکے ہیں تاہم امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پرانہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا اور کچھ عرصے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔
حالیہ انتخابات میں پی ٹی آئی نے واضح اکثریت حاصل کی اور وزیراعظم عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو دوبارہ وزیر خارجہ کے منصب پر فائز کر دیا۔