شیخ رشید سے شاکی ریلوے افسر عہدے سے فارغ

چیف کمرشل منیجر ریلوے کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

لاہور: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کے رویے کے سبب چھٹی مانگنے والے ریلوے کے چیف کمرشل منیجر محمد حنیف گل کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ ان کی چھٹی تاحال منظور نہیں ہوئی ہے۔

ریلوے کے ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد حنیف گل کو چھٹی ملنے یا نہ ملنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ حنیف گل کی جگہ آغا وسیم کی بطور چیف کمرشل منیجر ریلوے تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان ریلوے کے چیف کمرشل منیجر محمد حنیف گل نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے ماتحت کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے 2 سال کی چھٹی کی درخواست کی تھی۔

محمد حنیف گل نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ غیر منصفانہ اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے حامل وزیر کے ماتحت کسی صورت کام نہیں کر سکتے کیونکہ ان کا ماتحت عملے کے ساتھ رویہ انتہائی غیر مناسب ہے اور جہاں عزت نہیں، وہ وہاں کام نہیں کر سکتے۔

محمد حنیف گل کو منانے اور ڈیوٹی پر واپس لانے کے لیے کئی افسروں نے کوششیں کیں لیکن حنیف گل بضد رہے کہ وہ بطور رکن سول سروسز آف پاکستان شیخ رشید کی وزارت میں کام نہیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں