اچانک جھولا چلنے سے 15 سالہ لڑکی جاں بحق

اچانک جھولا چلنے سے 15 سالہ لڑکی جان بحق

حافظ آباد: عیدالاضحی کے دوسرے روز پارک میں پیش آنے والے جھولے کے حادثے میں 15 سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ ایمان فاطمہ اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ پارک آئی تھی، وہ جھولے پر بیٹھ ہی رہی تھی کہ جھولا چل پڑا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

حادثے کے بعد پارک انتظامیہ فرار ہو گئی، پولیس نے ضروری کارروائی کے لیے لاش اسپتال منتقل کر دی اور مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس سے قبل کراچی میں بھی جھولے کے ایک حادثے میں 12 سالہ لڑکی کشف ہلاک ہو گئی تھی، حادثے کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جھولا ایک ہفتہ قبل ہی عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔

پاکستان میں مختلف پارکس میں جھولے کے حادثوں کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے جس کی وجوہات میں ضروری تربیت سے محروم عملہ، ناقص میٹریل اور کمزور قوانین شامل ہیں۔

ایسے ہر حادثے کے بعد حکومت کی جانب سے روایتی بیانات سامنے آتے ہیں لیکن کوئی ایسا میکنزم بنانے پر توجہ نہیں دی جاتی جس کے ذریعے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام میں مدد مل سکے۔


متعلقہ خبریں