عمران خان نے بیٹوں کو حلف برداری میں شرکت سے روک دیا

عمران خان نے بیٹوں کو تقریب میں شرکت سے منع کردیا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: نو منتخب وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دونوں صاحبزادوں سلیمان اور قاسم کو تقریب حلف برداری میں شرکت سے روک دیا ہے۔

عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد پاکستان کی نامور صحافی مہر تارڑ نے  پی ٹی آئی چیئرمین کی سابق اہلیہ جمائما اور ان کے دونوں صاحبزادوں کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ جمائما عمران خان کے سیاسی سفر میں ابتداء سے ساتھ تھیں جس کے لیے ان کا شکریہ۔

مہر تارڑ نے عمران خان کے بیٹوں کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ انہیں اپنے والد پر فخر ہوگا جب وہ انہیں بطور وزیراعظم خدمات انجام دیتے ہوئے دیکھیں گے، جس کے لیے بہت لگن کی ضرورت ہے۔

ان ٹویٹس کے جواب میں نومنتخب وزیراعظم کی سابق اہلیہ جمائما خان نے ٹویٹر پر لکھا کہ ان کے دونوں بیٹے اداس ہیں کہ وہ وہاں نہیں، لیکن عمران خان اٹل ہیں کہ انہیں تقریب میں نہیں ہونا چاہیے۔


ٹوئٹر پر موجود کچھ صارفین نے اس بات پر تنقید بھی کی عمران خان کے صاحبزادے اس وقت سوئٹزرلینڈ میں چھٹیاں گزار رہے ہیں، انہیں پاکستان میں ہونا چاہئے تھا۔


متعلقہ خبریں