وزیراعظم کا انتخاب: جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی حصہ نہیں لیں گی

پیپلز پارٹی درخواست

اسلام آباد: جماعت اسلامی اور پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے لیے کسی جماعت کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی وزیراعظم کے لیے ہونے والے انتخابی عمل میں شریک نہیں ہو گی۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ میں بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان کے واحد رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی کسی کو ووٹ نہیں دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی شوریٰ کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کسی سیاسی جماعت کو کندھا فراہم کرنے کے بجائے اپنی نظریاتی لڑائی خود لڑی جائے گی۔

جماعت اسلامی کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ جماعت اسلامی ’احتساب سب کا‘  اور ’کرپشن فری پاکستان‘ مہم جاری رکھے گی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے جمعرات کو کہا تھا کہ ان کی جماعت نے شہباز شریف کے وزیراعظم کے امیدوار ہونے پر نون لیگ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا جبکہ جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے ووٹ کے لیے جماعت اسلامی  کسی کی پابند نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں