ترکی:دنیا سے مقامی کرنسی میں تجارت کے لیے کوشاں


استنبول: ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ حکومت چین، روس اور یوکرین کے ساتھ تجارتی لین دین مقامی کرنسی میں کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترکی کسی بحرا ن سے دوچار نہیں ہے اورنہ ہی ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔

رجب طیب ایردوان نےبحیرہ اسود کے ساحلی قصبے ریزا میں اپنی پارٹی ’جسٹس اینڈ پیس‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرنسی کا اتارچڑھاؤ اس اقتصادی جنگ کے میزائل ہیں جس کا ترکی کو سامنا ہے۔

انہون نے نام لیے بغیر کہا کہ جولائی 2016 میں حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش ہوئی اور اب وہی ملک ہماری معیشت کوہدف بنانے کی کوشش کررہا ہے لیکن ہمارا بھی عہد ہے کہ اس کا مقابلہ کریں گے۔

ترکی کے صدر نے واضح کیا کہ لیرا کے خلا ف کی گئی سازش سے نکلنے کا یہی طریقہ ہے کہ پیداوار کو بڑھایا جائے اور سود کی شرح میں کمی لائی جائے۔

ترکش ریڈیو اینڈ ٹی وی (ٹی آر ٹی) کے مطابق صدر ایردوان نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے افغانستان، صومالیہ اور بوسنیا میں آپ کا ساتھ دیا۔

انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کو یاد دلاتے ہوئے سوال کیا کہ اس وقت بھی کابل میں آپ کے ہوائی اڈے کا دفاع ہم کر رہے ہیں تو ایسے اسٹریٹجک ساجھے دار کو آپ دہشتگرد تنظیموں کی خاطر کیسے چھوڑ سکتے ہیں؟

ترکی کے صدرنے کہا ہے کہ پوری دنیا کے خلاف تجارتی جنگ کا آغاز کرنے والوں کو ہم اس کا جواب نئے اتحاد بنا کر نئی شرکت داریاں قائم کر کے دیں گے۔

ترک ’لیرا‘کی قدر میں اس سال 40 فیصد کمی ہوئی ہے اور عالمی ماہرین معاشیات کے مطابق ترکی کو کساد بازاری کا سامنا ہے۔

امریکہ سے تعلقات میں کشیدگی کے بعد غیرملکی سرمایہ کاری کے امکانات سے متعلق پیدا ہونے والے خدشات نے بھی مقامی کرنسی کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔

ترک وزیرخزانہ برات البیرق نے ’حریت‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی کرنسی ’لیرہ‘ کی قیمت میں مسلسل کمی ترکی پر کھلا حملہ ہے۔

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے گزشتہ دنوں ایک مرتبہ پھر ترکی کی  عوام سے اپیل کی کہ وہ مقامی کرنسی خریدیں اوراپنا سونا لیرا سے تبدیل کریں۔

ماہرین معاشیات کے مطابق اگر ترکی، چین، روس اور یوکرین سے مقامی کرنسی میں تجارت اور لین دین کرنے میں کامیاب ہو گیا تو یہ عالمی سطح پر ایک نئی سمت کا نہ صرف آغاز ہو گا بلکہ امریکی بالادستی پر بھی سوالیہ نشان ثبت ہوجائے گا۔ ماہرین یقین رکھتے ہیں کہ اس طرح کاروباری دنیا کا نظام ہی یکسر تبدیل ہوجائے گا۔


متعلقہ خبریں