محمود خان کا نام تجویز نہیں کیا، پرویز خٹک


اسلام آباد: سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ انہوں نے خیبر پختونخوا کی وزارت اعلیٰ کے لیے محمود خان کا نام تجویز نہیں کیا بلکہ عمران خان ہمارے کپتان ہیں اور اپنے کھلاڑہوں کا انتخاب وہ  خود کرتے ہیں۔

میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزرات اعلیٰ کے لیے بہت سے  نام زیر غور آئے، محمود خان کا نام بھی ان میں سے ایک تھا، ان کا کہنا تھا کہ محمود خان کا انتخاب درست ہے ہم سب انہیں سپورٹ کریں گے۔

سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ محمود خان  پر کرپشن کے الزامات بے بنیاد اور غلط  ہیں، سیکرٹری نے 18 لاکھ روپے محمود خان کے اکاونٹ میں جمع کرا دیے تھے جبکہ محمود خان نے وہ پیسہ متعلقہ افراد کو دے دیا تھا، میڈیا نمائنگان کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو دوسروں کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے۔

مرکز میں وزارت کے سوال پر پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جو وزارت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انہیں دیں گے وہ قبول کر لیں گے مگر انہیں ایسی کوئی ذاتی خواہش نہیں ہے۔

عام انتخابات کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان  نے پرویزخٹک، اسد قیصر اور ڈاکٹر حیدرعلی کو ہدایت کی تھی کہ وہ قومی اسمبلی کی نشستیں برقرار رکھیں تاکہ وفاق میں حکومت سازی کے لیے مطلوبہ تعداد پوری کی جا سکے اس وجہ سے یہ  وزارت اعلیٰ کی دوڑ سے باہر ہو گئے تھے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کی سیاست پر نظر رکھنے والوں کا دعویٰ ہے کہ پرویز خٹک خود وزیراعلیٰ نہیں بن سکے تو انہوں نے اپنے حمایتی ارکان اسمبلی میں سے ایک کو وزیراعلیٰ نامزد کرا  لیا جن میں محمود خان کا نام  بھی شامل ہے۔


متعلقہ خبریں