وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے ملتوی ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ “اگر یہ آئے تو یہ آخری دفعہ ہوگا، اس کے بعد یہ ادھر کا رخ نہیں کر سکیں گے۔”
خواجہ آصف وزیراعظم شہباز شریف کے وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک میں موجود ہیں۔ وہیں پر سوشل میڈیا انفلواینسر پرویز سندھیلہ کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے اسلام آباد کو سومنات سے تشبیہ دینے پر ایک بار پھر پی ٹی آئی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا۔
خواجہ صاحب نے کہا ہے ہو سکتا ہے یہ آئیں ہی نہ اب پی ٹی آئی سے 27 ستمبر سے آگے جانے کی آوازیں آ رہی ہیں۔ لگتا ہے خواجہ صاحب کی بات درست نکل رہی ہے؛
اگر آے تو یہ آخری دفعہ ہوگا اس کے بعد یہ باب ھمیشہ کے لیے بند ہوجاے گا
خواجہ آصف سے نیویارک میں گفتگو pic.twitter.com/FRWPvDhA4x— Pervaiz Sandhila (@chsandhilaa) September 25, 2026
سومنات والی بات پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کی تھی۔ گزشتہ ہفتے مردان میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ “میں آپ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ اسلام آباد کو ہم سومنات بنائیں گے۔”
اس متنازع بیان پر ان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگینش ایجنسی (این سی سی آئی) نے مبینہ طور پر مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔
صوبائی صدر پی ٹی آئی جنید اکبر نے اسلام آباد کو سومنات بنانے کا اعلان کردیا
سومنات کی طرح اسلام آباد پر 17 حملے کرینگے کوئی بھی غلط فہمی میں نہ رہے
مردان میں یوتھ کنونشن سے خطان pic.twitter.com/vCtrhCru7g— Muhammad Faheem (@MeFaheem) September 20, 2026
اس سے قبل جنید اکبر کے اس بیان پر رد عمل دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سومنات پہ 17 حملے ہوئے تھے، گنتی کر لیں کتنے ہو گئے ہیں اور کتنے باقی ہں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ بتاتی ہے کے سومنات پہ با بار حملے کیوں ہوتے تھے لیکن “اسلام آباد سومنات نہیں، سوچ سمجھ کے آنا، کچھ لے کے نہیں دے کے جاؤ گے۔”
13سال سے ایک صوبے کو لوٹا جا رہا ۔ اس پہ بھی راضی نہیں وفاق پہ ھر دوسرے دن حملے کی تیاری شروع کر دیتے ھیں۔ سومنات پہ 17حملے ھوۓ تھے ۔ گنتی کر لیں کتنے ھو گئے ھیں کتنے رہ گئے ھیں۔ تاریخ بتاتی ھے کے سومنات پہ با بار حملے کیوں ھوتے تھے۔
اسلام آباد سومنات نہیں سوچ سمجھ کے آنا کچھ لے… https://t.co/4koaPYqmLq— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) September 23, 2026
انٹرویو میں خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ “اسلام آباد ایک بڑی اسلامی ایٹمی ریاست کا دارالخلافہ ہے، اس کے اوپر یہ انشا اللہ تعالی یہ آخری اٹیمپٹ ہو گا ان کا، اس کے بعد یہ ادھر کا رخ نہیں کر سکیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “یہ (اسلام آباد مارچ) فیصلہ کن معرکہ ہو گا۔”
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پی ٹی آئی مظاہرین اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے، تو خواجہ آصف نے امکان ظاہر کیا کہ “ہو سکتا ہے نہ ہی آئیں، وہ بھی فیصلہ کن بات ہو گی، اب وفاق یا پاکستان اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔”
دوسری جانب گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی یہی امکان ظاہر کیا ہے کہ پی ٹی آئی آج یا کل لانگ مارچ ختم کرنے کااعلان کردے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی لانگ مارچ کی کوئی تیاری نہیں، اگر وہ لانگ مارچ کریں گے توصوبہ کون سنبھالے گا؟
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوامیں گورنر راج کیلئے مشاورت ہوئی ہے۔ “گورنرراج ماضی میں بھی لگے ہیں، یہ کوئی غیرآئینی اقدام نہیں۔”
تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں نے لانگ مارچ ملتوی ہونے کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
پارٹی رہنما شوکت یوسفزئی نے ہم نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج ملتوی کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے زور دیا ہے کہ 27 ستمبر کو پورے شد و مد کیساتھ نکلا جائے اور صوبائی اور قومی اسمبلی ممبران سے کہا گیا ہے کہ “اپنے حلقوں میں جائیں اور مزید موبیلائزیشن کریں”۔
