وفاقی وزیرطارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق عدالت کا حکم تسلیم کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو آج ہی اسلام آباد کے نجی اسپتال شفاء انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عمران خان کی صحت پر تشویش، اسپتال منتقل اور اہلخانہ و ڈاکٹروں سے ملاقات کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی
سیینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو آج اس بات پر یقین ہوگیا کہ عدالتیں کام میرٹ پر کررہی ہیں،بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے آج سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے۔بانی پی ٹی آئی سے متعلق تمام تر فیصلے عدالتوں نے ہی کرنے ہیں۔
تمام تر سیاسی لیڈرشپ کو رہائی عدالتوں سے ہی ملتی ہے،عدالتیں ہی وہ راستہ ہیں جہاں سے چینل بن سکتا ہے،عدلیہ کے خلاف بولے گئے الفاظ کی مذمت کرتا ہوں.
طارق فضل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے ملک میں عدلیہ کی آزادی ثابت کر دی ہے، وزیراعظم کے پاس عدالتوں کے فیصلے کے برخلاف کوئی اختیار نہیں،مسلم لیگ ن کی قیادت نے بھی عدالتوں سے ریلیف حاصل کیا۔
قبل ازیں پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے حکم کو خوش آئند قرار دیا تھا۔
