اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مدینہ منورہ میں نادرا آفس کی خدمات 12 جولائی 2026 سے دوبارہ بحال کی جا رہی ہیں۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی حکومت کی ہدایات پر حج سیزن کے دوران مدینہ منورہ میں نادرا آفس کی خدمات عارضی طور پر معطل کی گئی تھیں، تاہم اب حج سیزن کے اختتام پر 12 جولائی بروز اتوار سے شہری دوبارہ نادرا کی سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مدینہ منورہ اور گردونواح میں مقیم پاکستانی شہری شناختی دستاویزات اور دیگر رجسٹریشن سے متعلق خدمات کے لیے نادرا آفس سے رجوع کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ نادرا نے 12 اپریل 2026 سے پاکستانی قونصلیٹ جنرل جدہ کی ہدایات کے مطابق مدینہ منورہ میں خدمات معطل کر دی تھیں۔ اس دوران متبادل انتظام کے طور پر نادرا رجسٹریشن سینٹر جدہ میں عملے کی تعداد بڑھا دی گئی تھی تاکہ پاکستانی شہریوں کو خدمات کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان آن لائن فراڈ کے خلاف دنیا کا کم محفوظ ترین ملک قرار
نادرا نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی شہری مزید معلومات کے لیے پاکستانی قونصلیٹ جنرل سے رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی متعدد نادرا خدمات بدستور دستیاب رہیں گی۔
