راولپنڈی، قیدی وین سے فرار ہونے والے تمام 14 حوالاتیوں کی گرفتاری کے بعد راولپنڈی پولیس نے گرینڈ سرچ آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے تمام حوالاتیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں آخری مفرور حوالاتی اسد بھی شامل ہے، آخری ملزم کی گرفتاری کے ساتھ ہی کئی روز سے جاری سرچ آپریشن اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے فرار کے واقعے کے فوری بعد بڑے پیمانے پرسرچ اورانٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا، جس کے نتیجے میں پہلے 72 گھنٹوں کے دوران 14 میں سے 13 مفرورحوالاتیوں کو گرفتارکرلیا گیا تھا جبکہ آخری ملزم کی تلاش کے لیے کارروائیاں مسلسل جاری رکھی گئیں۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق آخری مفرور حوالاتی کی گرفتاری کے بعد سرچ آپریشن باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک کر 14 قیدی فرار
انہوں نے بتایا کہ پوری کارروائی کے دوران پولیس نے مربوط حکمت عملی اپنائی اور تمام فرار حوالاتیوں کو قلیل وقت میں دوبارہ حراست میں لے لیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سرچ آپریشن کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور کارروائی کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
خیال رہے کہ چند دن پہلے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک کر14 قیدی فرارہوگئے تھے جب قیدیوں کواڈیالہ جیل منتقل کیا جارہا تھا۔
پولیس نے قیدی وین کو چیکنگ کیلئے روکا گیا، دروازہ کھولنے پرایک قیدی نے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک دیں۔
