پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے امن، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی، برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی امن اور اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا۔
ترک صدر رجب طیب ایردوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کا استنبول آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی اور نتیجہ خیز تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد امور پر اتفاق رائے پایا گیا۔
صدر ایردوان نے کہا کہ عالمی امن کے فروغ کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ایک اہم پیش رفت ہے اور ترکیہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے متعلقہ وزارتیں قریبی تعاون جاری رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ترک حکومت اپنی کاروباری برادری کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے حوصلہ افزائی کرے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری مزید مستحکم ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں ترک صدر رجب طیب ایردوان کی پرتپاک میزبانی اور شاندار استقبال پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات صرف سفارتی نہیں بلکہ دلوں کے رشتے ہیں، جن کی بنیاد مشترکہ تاریخ، مذہبی و ثقافتی اقدار اور باہمی اعتماد پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی جنگِ آزادی کے دوران برصغیر کے مسلمانوں، خصوصاً علی برادران، نے ترک عوام کی بھرپور حمایت کی، جس نے دونوں ممالک کے تعلقات کو ہمیشہ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ چاہے جنگ ہو، زلزلہ، سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت، ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔
وزیراعظم نے 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے دوران مظفرگڑھ سمیت مختلف متاثرہ علاقوں میں ترکیہ کی امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترک عوام کی محبت اور تعاون پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے زلزلہ متاثرہ علاقوں کی بحالی اور سماجی و معاشی ترقی میں ترکیہ کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ “دو دل، ایک جان” ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا جلال الدین رومی اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی تعلیمات دونوں اقوام کے لیے مشترکہ فکری سرمایہ ہیں، جو بھائی چارے، محبت اور انسانیت کا درس دیتی ہیں۔
صدرطیب اردوان کی مخلصانہ حمایت سے پاکستان کو ثالثی کا کردار ملا، وزیراعظم
وزیراعظم نے صدر رجب طیب ایردوان کی قیادت میں ترکیہ کی صنعتی، اقتصادی اور سماجی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ترقیاتی تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی، بنیادی ڈھانچے، خصوصی اقتصادی زونز اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے، جبکہ علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔
