انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی جانب سے 15 سالہ ویبھو سوریا ونشی نے بین الاقوامی کرکٹ میں یادگار ڈیبیو کیا۔
وہ بھارت کی تاریخ کے کم عمر ترین بین الاقوامی کرکٹر بن گئے اور اس طرح انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 1989 میں 16 برس کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔
ویبھو سوریا ونشی نے اپنی مختصر مگر جارحانہ اننگز میں صرف 10 گیندوں پر 14 رنز بنائے، جس میں دو شاندار چھکے شامل تھے تاہم وہ جوس بٹلر کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کے 15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریا ونشی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز بھی اسی انداز میں کیا، جس نے انہیں مختصر عرصے میں دنیا بھر میں منفرد شناخت دلائی ہے۔
مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں سوریا ونشی نے اپنی پہلی ہی بین الاقوامی گیند پر انگلینڈ کے تیز رفتار بولر جوفرا آرچر کو شاندار چھکا رسید کیا، سوریا نے گھٹنے پر بیٹھ کر فائن لیگ کے اوپر سے خوبصورت شاٹ کھیلا، جس نے شائقین کو حیران کر دیا،وہ پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ سوریا ونشی نے کسی بڑے بولر کو پہلی گیند پر چھکا جڑا ہو۔ آئی پی ایل میں بھی وہ کئی نامور بولرز کے خلاف یہی کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
جیکب بیتھل کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی
آئی پی ایل 2025 اور 2026 کے دوران راجستھان رائلز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے اپنی پہلی گیند پر شاردول ٹھاکر، اویش خان، واشنگٹن سندر، کریم جنت، ٹرینٹ بولٹ، پیٹ کمنز، جسپریت بمراہ، لونگی نگیڈی، آکاش سنگھ اور ثاقب حسین جیسے بولرز کو چھکے لگا کر اپنی بے خوف بیٹنگ کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
خاص طور پر جسپریت بمراہ، پیٹ کمنز، ٹرینٹ بولٹ اور جوفرا آرچر جیسے عالمی شہرت یافتہ بولرز کے خلاف پہلی ہی گیند پر چھکا لگانا اس نوجوان بلے باز کی غیرمعمولی خوداعتمادی اور جارحانہ انداز کی عکاسی کرتا ہے۔
