بنی گالہ پہ واک تھرو گیٹ نصب : غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند ہوگیا

پی ٹی آئی کی ممکنہ فتح، بنی گالہ کی سیکیورٹی سخت | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ اورپولیس نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا ہے۔

بنی گالہ کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی آئی جی سیکیورٹی اسلام آباد وقار چوہان نے بذات خود رہائش گاہ  پہنچ کرجائزہ لیا اورموقع پر موجود اعلی پولیس حکام کو ضروری ہدایات بھی دیں۔

انتظامیہ اور پولیس حکام کی ہدایت پربنی گالہ میں واک تھرو گیٹ نصب کردیا گیا اورعمران خان چوک پر پولیس کا ناکہ بھی لگ گیا ہے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق غیرمتعلقہ افراد کو عمران خان کے گھر تک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سیکیورٹی حکام کی خصوصی ہدایت پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے بھی بنی گالہ کی سرچنگ کی اور وہاں موجود سیکیورٹی عملے کو ضروری ہدایات دیں۔

سیکیورٹی اہلکار اب رہائش گاہ تک جانے کے خواہش مندوں کو سرچنگ کے بغیر آگے جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کو گزشتہ روز بھی خصوصی سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔

اعلیٰ پولیس حکام کا اس ضمن میں مؤقف سامنے آیا تھا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد سیکیورٹی کی مد میں خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں۔

25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں دیگر جماعتوں پر واضع برتری حاصل ہوگئی ہے جس کے مطابق وہ وفاق میں آسانی سے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورشہرہ آفاق باؤلر وسیم اکرم نے بھی بنی گالہ جا کر عمران خان سے ملاقات کی اورانہیں شاندار فتح پر مبارکباد دی۔

وسیم اکرم اس قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ تھے جس نے پہلی اوراب تک آخری مرتبہ ملک کے لیے ورلڈ کرکٹ کپ جیتا تھا اورجس کی قیادت عمران خان نے کی تھی۔


متعلقہ خبریں