شگر/چلاس: (عابد شگری/حسین احمد) گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے انتخابی مہم آخری مرحلے میں داخل ہونے کے بعد امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کو قائل کرنے کے لیے آخری کوششیں تیز تر ہو گئی ہیں۔
جمعہ کے روز گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں خصوصاً شگر میں سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے جلسے، کارنر میٹنگز اور گھر گھر مہم جاری رہی، جبکہ پولنگ 7 جون کو ہوگی۔
حکام کے مطابق حلقہ جی بی اے-12 شگر میں 71 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 17 کو انتہائی حساس اور 26 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور سندھ پولیس کے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ پولنگ ڈے کے قریب آتے ہی حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد مہم کے اختتام کے بعد فوری طور پر شروع ہو جائے گا اور تمام امیدواروں کو اس کی پابندی کرنا ہوگی۔
دوسری جانب گلگت بلتستان پولیس کے مطابق یکم مئی سے اب تک خطے میں 614 سیاسی سرگرمیاں پرامن انداز میں منعقد ہو چکی ہیں، جن میں بڑے جلسے، عوامی ملاقاتیں، ریلیاں اور انتخابی دفاتر کا قیام شامل ہے۔
پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابی عمل کے دوران ذمہ داری، برداشت اور قانون کی پاسداری کا مظاہرہ کریں اور افواہوں یا اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں۔
عوام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے ووٹرز 7 جون کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کریں گے۔
