پاکستان نے قطر سے اضافی ایل این جی کے حصول کیلئے رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر علی پرویز ملک سے قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر نے ملاقات کی جس میں ایل این کی ممکنہ اضافی سپلائی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک قریبی رابطہ جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ وہ قطر کے وزیرِ توانائی سعد الکعبی کے ساتھ ایل این جی سپلائی کے معاملے پر مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضروری منظوریوں کے ساتھ دوست ممالک سے توانائی کی سپلائیز حاصل کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور اضافی گیس کے حصول کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی
قطری سفیر علی بن مبارک الخاطر نے اس موقع پر کہا کہ قطر پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں اور تعمیری کردار کو بھی سراہا۔
