اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے باعث اہم شاہراہیں بند کر دی گئیں، شہریوں کیلئے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے باعث سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔
حکام کے مطابق کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی بند رہے گا جبکہ سری نگر ہائی وے پر مختلف اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
شہر میں کسی بھی جانب سے داخل ہونے والی ہیوی ٹریفک پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان دنوں اسلام آباد کا رخ نہ کریں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے متبادل راستوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی 5، جی 6، جی 7، ایف 6 اور ایف 7 کے رہائشی مارگلہ روڈ کے ذریعے 9th ایونیو استعمال کریں۔ اسی طرح فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی 9th ایونیو کی جانب موڑا جائے گا۔
زیرو پوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے سے 9th ایونیو کے ذریعے اسٹیڈیم روڈ اور مری روڈ چاندنی چوک سے راول روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔
بھارہ کہو اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والے افراد کو کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے جانے والوں کو کرنل شیر خان روڈ، فقیر ایپی روڈ یا 9th ایونیو استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس سمیت پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا اعلان
مزید برآں جی ٹی روڈ پر پشاور اور لاہور کے درمیان چلنے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا، چکری انٹرچینج اور موٹروے کے متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم 92.4 سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
