بلوچستان حکومت نے سرکاری وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری گاڑیوں کے جامع آڈٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پراس مقصد کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تمام محکموں، خود مختاراداروں اورماتحت دفاترکی گاڑیوں کا تفصیلی آڈٹ کرے گی۔
جاری اعلامیے کے مطابق سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ بطور ممبران شامل ہوں گے۔
سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ، نجی اسکولوں میں نصاب اور یونیفارم کی فروخت پر پابندی
کمیٹی کا بنیادی مقصد استحقاق سے زائد اور غیر قانونی طور پر زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی نشاندہی کرنا اور ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کرنا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بغیر مجازمنظوری کے استعمال ہونے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس عمل کو مؤثر بنانے کے لیے تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 48 گھنٹوں کے اندرگریڈ 19 کا فوکل پرسن نامزد کریں جو کمیٹی کو مکمل ریکارڈ اورڈیٹا فراہم کرنے کا ذمہ دارہوگا۔
کمیٹی کو 15 دن کے اندر اپنی حتمی رپورٹ اور سفارشات حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ آڈٹ رپورٹ کی روشنی میں فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ سرکاری وسائل کے غلط استعمال کو روکا جا سکے اورانتظامی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
