واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ اور برطانیہ کی توانائی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطہ توانائی کے بحران کا شکار ہے مگر قدرتی وسائل سے فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی سمندر دنیا کے بڑے تیل ذخائر میں سے ایک ہے۔ لیکن برطانیہ اس سے تیل نکالنے میں دلچسپی نہیں لے رہا جو ان کے مطابق “ناقابل فہم” ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو فوری طور پر تیل کی پیداوار شروع کرنی چاہیے۔ کیونکہ یورپ پہلے ہی توانائی کی زیادہ قیمتیں ادا کر رہا ہے۔ ناروے اپنے وسائل سے فائدہ اٹھا کر خطیر آمدن حاصل کر رہا ہے جبکہ برطانیہ نسبتاً مہنگی توانائی کا شکار ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نیٹو ممالک بعض اہم معاملات میں فعال کردار ادا نہیں کر رہے۔ یہاں تک کہ بارودی سرنگیں صاف کرنے جیسے امور میں بھی تاخیر دکھائی جا رہی ہے۔
انہوں نے یورپی توانائی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خطہ متبادل ذرائع پر ضرورت سے زیادہ انحصار کر رہا ہے۔ جبکہ روایتی توانائی کے وسائل کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی نے اسرائیل کیساتھ دفاعی معاہدہ معطل کر دیا
ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یورپ آبنائے ہرمز جیسے اہم بحری راستوں پر بھی امریکا پر انحصار کرتا ہے جو عالمی توانائی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
