حماس اور اسرائیل فائر بندی پر تیار


غزہ: فلسطینی تنظیم حماس نے اسرائیل کے ساتھ فائربندی پر اتفاق کرلیا ہے جب کہ اسرائیل کے تازہ حملوں میں مزید چار فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

ایک غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے کہا ہے کہ مصر اور اقوام متحدہ کی درخواست پر فائر بندی پہ اتفاق کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کی صورتحال اس وقت پرسکون ہے اور اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کی ضرورت ہے جب کہ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہماری جانب سے غزہ پر حملے روک دیے گئے ہیں۔

اس سے قبل اسرائیل اور حماس کے درمیان گزشتہ ہفتے میں دو بار فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں چار فلسطینی شہید ہو گئے اور ایک بھرپور جنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا تاہم مصر اور اقوام متحدہ کی کوششوں سے دونوں فریقوں نے فائربندی پر اتفاق کر لیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے 20 جولائی کو غزہ کے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں چار فلسطینی شہید ہوئے تھے، جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی طیاروں کے حملے کے نتیجے میں دو فلسطینی جب کہ رفع کے علاقے میں گولیاں لگنے سے ایک نوجوان شہید ہوا۔

پچھلے چند ماہ کے دوران غزہ کی پٹی پر ہونے والے احتجاج میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 140 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں