نواز شریف کے خلاف فیصلہ سنی سنائی باتوں پر کیا گیا، پرویز رشید


اسلام آباد: سابق وزیراطلاعات اور مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما پرویز رشید نے مطالبہ کیا ہے کہ مسلم لیگی رہنماؤں کو انتخابات میں حصہ لینے دیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میـڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنی سنائی باتوں  پر نوازشریف اور مریم نواز کو سزا سنائی گئی، آج ان کے ساتھ ناانصافی کے خلاف انصاف کی درخواست کی گئی ہے جس میں تینوں افراد کو رہا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق ججز نے بھی ایون فیلڈ فیصلے کو رد کیا  ہے، انہوں نے بھی کہا ہے کہ فیصلہ سنی سنائی باتوں پر کیا گیا ہے، نوازشریف کی کوئی جائیداد ثابت نہیں کی جا سکی، یقین ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے گا۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں یکساں مواقع فراہم کرنے چاہییں، جو اصول دوسروں کے لیے ہیں وہی ہمارے لیے بھی نافذ کیے جائیں، فیصلے کو عوام نے بھی انتخابات میں مداخلت کے مترادف قرار دیا ہے۔

سینئر قانون دان بیرسٹر ظفراللہ نے اس موقع پر کہا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ پوری دنیا کے قانون کے خلاف ہے اور تمام دنیا اس فیصلے پر تنقید کر رہی ہے، واجد ضیا نے تسلیم کیا کہ ان کے پاس نوازشریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دو درخواستیں دائر کی ہیں، ایک احتساب عدالت کے فیصلے کو ختم کرنے کی ہے جبکہ دوسری حتمی فیصلے تک سزا معطل کرنے کی ہے۔


متعلقہ خبریں