لاہور : کنٹینرز کا کرایہ ادا نہیں کیا گیا


لاہور: سابق وزیراعظم  نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی آمد کے موقع پر شہر بھر میں 50  سے زائد مقامات پرکنٹینرز لگا کر نون لیگ کے کارکنوں کا راستہ روکا گیا لیکن ضلعی انتظامیہ نے کنٹینرز مالکان کو پٹرول کے پیسے دیے نہ کنٹینرز کا کرایہ ادا کیا۔

ہم نیوز کو حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق کنٹینرز  پکڑنے کے احکامات ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر نے بدھ کی شام کو جاری کیے اور دوسرے اضلاع  سے آئے پولیس انسپکٹرز نے ٹریفک پولیس کی معاونت سے کنٹینرز پکڑے۔

لاہور پولیس نے دو روز میں تین سو سے زائد کنٹینرز اور منی مزدا پکڑے جب کہ جمعرات تک کنٹینرز کو شہر کے سات مقامات پرجمع کیا گیا، ضلع انتظامیہ نے کنٹینرز مالکان کو پٹرول کے پیسے دیے  نہ کھڑے رہنے کا کرایہ ادا کیا۔

ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو تین روز میں فی کنٹینر 45 ہزار روپے کا نقصان ہوا ہے اور متعدد کنٹینرز میں  دوسرے شہروں سے لایا  گیا سامان بھی موجود تھا۔

پولیس کی اپنی رپورٹ کے مطابق مختلف مقامات  پر تصادم  کے دوران ایک درجن سے زائد ٹرکوں کے شیشے بھی توڑے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں