آم کے وہ فوائد جو اسے بھولنے نہ دیں


ادھر سردی کا زور ٹوٹا، گرمی نے اپنا رنگ دکھایا اور آم کے پیڑوں پر بور پھوٹ پڑے۔ پھلوں کا بادشاہ آم وہ پھل ہے جسے دنیا بھر میں انتہائی شوق سے کھایا جاتا ہے اور کیوں نہ کھایا جائے اس کا صرف ذائقہ ہی لاجواب نہیں ہوتا بلکہ آم کھانے کے بیشمار فوائد بھی ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق وٹامن ای سے بھرپور آم کے استعمال سے انسان صحتمند اور شاداب رہتا ہے۔ یہ وٹامن جلد کو ترو تازگی فراہم کرتے ہیں اور چہرے کو دانوں اور کیل مہاسوں سے بچاتے ہیں۔

آم میں شامل وٹامن سی خون میں کولیسٹرول کی مقدار کم کرتا ہے جب کہ اس میں موجود وٹامن اے بینائی کو کمزور ہونے اور سورج کی تیز شعاعوں کے مضر اثرات سے بچاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جو لوگ آم کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ان کے دمے میں مبتلا ہونے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔

آم میں شامل اینٹی آکسیڈنٹس آنتوں اور خون اورگلے کے غدود کے سرطان کے خلاف بھی مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق آم بڑی آنت کے سرطان کے خلاف مدافعانہ ہتھیار ثابت ہوا ہے اورآم کھانے کے شوقینوں میں اس سرطان کی شرح کم ہوتی ہے۔

آم کا استعمال ہڈیوں کی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے ۔ اس میں موجود کیلشیم ہڈیوں کو مضبوط رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ آم کھانے سے وقت سے پہلے ہڈیوں کی کمزوری کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق آم میں موجود وٹامن اے، بی، سی اور فائبر کے علاوہ 20 دیگر اجزا پائے جاتے ہیں جو خون کی گردش میں شکر کے جذب ہونے کے عمل کو کم کرتے ہیں۔ امریکی ماہرین کے مطابق آم میں موجود قدرتی مٹھاس کی مناسب مقدار شوگر کے مریضوں کیلئے نقصان دہ نہیں ہوتی۔

آم میں موجود ریشے آنتوں کی صفائی کرتے ہیں اور نظام ہضم کو درست رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ دل کے امراض میں مبتلا افراد کیلئے آم ایک بہترین پھل ہے اس میں موجود پوٹاشیم، فائبر اور وٹامن دل کی صحت میں اضافے کا باعث بنتے ہیں جب کہ اس میں موجود پوٹاشیم فشار خون کو قابو میں رکھتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق وٹامن ای سے بھرپور آم جلد کو تروتازہ رکھتے ہیں ‘ چہرے پر دانے نہیں نکلنے دیتے جبکہ وٹامن سی خون میں کولیسٹرول کی مقدار کم کرتے ہیں۔

وزن میں کمی کی صورت میں آم اور دودھ کا استعمال زبردست اور مثالی علاج ہے۔ آم میں شکر تو ہوتی ہی ہے لیکن پروٹین کی کمی ہوتی ہے۔ دوسری طرف دودھ میں پروٹین ہوتے ہیں لیکن شکر نہیں ہوتی۔

یہ ایک دلچسپ حقیقت ہے کہ آم بالوں کیلئے بھی مفید ہے کیونکہ اس میں وٹامن اے پایا جاتا ہے جو بالوں کی نشوونما اور جسم کے ٹشوز کیلئے بہترین ہیں۔یہ چہرے کی جلد اور بالوں کو خوبصورت اور دلکش کرنے میں مدد دیتا ہے۔ تاہم ذیابیطس کے مریض آم کھاتے ہوئے اعتدال کاخیال رکھیں کیونکہ آم میں چینی کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے اسلئے اسے کثرت سے کھانا خون میں شوگر کی سطح میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

آم کی یہ چینی وزن میں اضافے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ ایسے افراد جو وزن میں کمی کیلئے تدابیر کر رہے ہوں انہیں تو آم بہت زیادہ احتیاط سے کھانا چاہئے۔


متعلقہ خبریں