پوسٹل بیلٹ کی درخواستیں 20 جولائی تک نمٹانے کی ہدایت


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے 20 جولائی تک موصول ہونے والی درخواستوں کو نمٹانے کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے مختلف کیٹیگریز کے پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے درخواستوں کا شیڈول جاری کر دیا  جبکہ ریٹرننگ افسران کو 20 جولائی تک وصول کردہ درخواستیں نمٹانے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب  سے جاری کردہ  شیڈول  کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے درخواستیں ریٹرننگ  افسران کو  پانچ  سے دس جولائی تک جمع کرائی جا سکتی ہیں جبکہ خاندان سمیت کسی دوسری جگہ تعینات سرکاری افسر پانچ جولائی تک درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

اسی طرح معذور افراد بھی پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے پانچ جولائی تک درخواست دے سکتے ہیں جبکہ جیلوں میں قیدی  اور زیرحراست افراد بھی پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

انتخابی عملہ، پولیس اور مسلح افواج 10 جولائی تک پوسٹل بیلٹ پیپرزکے لیے درخواست دے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے دی گئی درخواستوں کی تصدیق کے بعد پوسٹل بیلٹ پیپرز درخواست دہندہ کو ارسال کر دیے جائیں گے جبکہ ریٹرننگ افسر پوسٹل بیلٹ پیپرز کی تفصیلات 22 جولائی تک الیکشن کمیشن کو مہیا کریں گے۔

عام انتخابات 2018 کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپر الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 93 کے تحت جاری کیے جا رہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں