اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس (ایس سی او) کی وجہ سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر لیے گئے۔
اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں چین، روس، بیلا روس اور قازقستان کے وزرائےاعظم شریک ہوں گے۔
کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم بھی اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں۔ جبکہ ایرانی نائب صدر اور بھارتی وزیر خارجہ بھی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ منگولیا کے وزیر اعظم بھی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترکمانستان کے وزیر خارجہ خصوصی مہمان کی حیثیت سے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ جبکہ چینی وزیر اعظم پاکستان کا 4 روزہ دورہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ جبکہ معیشت، تجارت اور سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو بھی کی جائے گی۔ چینی وزیر اعظم، صدر مملکت، پارلیمانی رہنماؤں اورعسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایس سی او کانفرنس کے حوالے سے اسلام آباد شہر میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے۔ جبکہ میٹرو بس سروس آج 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی۔
اسلام آباد پولیس نے ایس سی او کانفرنس کے باعث ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا۔ جس کے مطابق ملپور سے ڈھوکری چوک، کشمیر چوک اور سرینا ہوٹل تک سڑک بند رہے گی۔
راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک، سرینا ہوٹل تک مری روڈ بھی بند رہے گا۔ جبکہ ملپور سے سرینگر ہائی وے کے ذریعے آبپارہ تک روٹ بند ہو گا۔ مری اور بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے والوں کے لیے متبادل روٹس فراہم کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے بلیک میل کر رہی ہے، خواجہ آصف
مری اور بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے والے کورنگ روڈ، بنی گالہ، پارک روڈ، راول ڈیم چوک کے ذریعے فیض آباد جاسکیں گے۔ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔ جبکہ ایکسپریس وے فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ اور کورال چوک تک بند رہے گی۔
آج 14 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا د اخلہ بھی بند ہو گا۔