لاہور: کراچی سے لاہور پہنچنے والی نجی ایئر لائن نے ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ جہاز کے تمام دروازے کھول کر مسافروں کو سلائیڈز کے ذریعے نکالا گیا۔
ذرائع کے مطابق جہاز میں 171 مسافر سوار تھے اور دھواں اٹھنے کے حوالے سے ٹیکنیکل ٹیم جہاز کا معائنہ کر رہی ہے۔ جہاز کی لینڈنگ سے قبل فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کو بھی طلب کر لیا گیا تھا۔
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق ایمرجنسی لینڈنگ سے قبل جہاز کی کارگو سائیڈ سے دھواں اٹھتے دیکھا گیا تھا۔ جبکہ مسافروں کو جہاز کے اندر سے کوئی سامان بھی اٹھانے نہیں دیا گیا۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ جہاز کی لیڈنگ سے کچھ دیر قبل جہاز کا عملہ بھی دباؤ میں دکھائی دیا۔ عملہ جہاز کی لینڈنگ سے ایئر پریشر بھی چیک کرتا رہا۔ ایمرجنسی لیڈنگ سے قبل سیٹ نمبر 3 کے قریب اندر اور باہر سے دھواں اٹھتا محسوس ہوا۔
جہاز کا کپتان غیر ملکی تھا جس نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ایمرجنسی لینڈنگ کی۔
یہ بھی پڑھیں: ون وے کی خلاف ورزی پر علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج
دوسری جانب ترجمان پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی نے کہا کہ کپتان نے لاہور کے قریب 7 بجکر 15 منٹ پر کارگو کمپارٹمنٹ میں دھوئیں کا بتا کر مے ڈے کال دی۔ جبکہ فلائی جناح کی پرواز ایف ایل 846 سات بجکر تئیس منٹ پر بحفاظت لاہور ایئرپورٹ پر اتر گئی۔
ترجمان نے کہا کہ فائر ڈیپارٹمنٹ نے معائنہ کے بعد 7 بجکر 57 منٹ پر جہاز کو کلیئر قرار دیا۔ اعلی حکام نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔