کراچی: لاڑکانہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج گل ضمیر سولنگی نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے سربراہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے حالیہ دورہ لاڑکانہ میں ان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارکیا تھا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج گل ضمیر سولنگی کی جانب سے استعفیٰ رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو بھجوا د یا گیا ہے۔
استعفے کے متن کے مطابق ‘میں 20 مارچ 2017 سے لاڑکانہ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کے عہدے پر کام کر رہا ہوں، چیف جسٹس ثاقب نثار نے عدالتی کارروائی کے دوران میری عدالت کا دورہ کیا، برہمی کا اظہار کیا اور میرا موبائل فون اٹھا کر میز پر پٹخا’۔
گل ضمیر سولنگی کے مطابق ’’چیف جسٹس کے دورے کی ویڈیو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر دکھائی گئی، جس سے میری ساکھ بری طرح متاثر ہوئی۔ ایسے حالات میں، میں اپنی نوکری جاری نہیں رکھ سکتا، لہذا استعفیٰ دے رہا ہوں‘‘۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے 23 جون کو لاڑکانہ سیشن کورٹ کے دورے کے دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج گل ضمیر سولنگی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔