راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق رکن پنجاب اسمبلی اور چوہدری نثار علی خان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار انجینئر قمرالاسلام راجہ کو گرفتار کر لیا ہے، نیب ذرائع کے مطابق انہیں صاف پانی کمپنی کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، راجہ قمرالاسلام کے علاوہ سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) صاف پانی کمپنی وسیم اجمل کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے اپنے بیان میں نیب کے اس اقدام کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ نیب کا ایک امیدوار کو گرفتار کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، ایسے اقدام سے الیکشن متنازع ہو سکتا ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم انجینئر قمر الاسلام راجہ پر 84 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ مہنگے داموں دینے کا الزام ہے، ان واٹرپلانٹس میں 56 ریورس آسموسز پلانٹس اور 28 الٹرا فلٹریشن پلانٹس شامل ہیں، یہ پلانٹس چار تحصیلوں میں لگائے جانے تھے۔
نیب ذرائع کے مطابق ملزم پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے نیلامی کے کاغذات میں مالی تخمینہ بڑھا کر ظاہر کیا، 102 واٹر فلٹریشن پلانٹس کا ٹھیکہ ایس بی پمپس نامی کمپنی کو مہنگے داموں دیا اور یہ ٹھیکہ بورڈ آف ڈائریکٹر سے منظور بھی کرایا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سی ای او صاف پانی کمپنی وسیم اجمل پر پراجیکٹ کے کاغذات میں تبدیلیاں کرنے کا الزام ہے جو پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 کی سخت خلاف ورزی ہے۔
اسی طرح ملزم وسیم اجمل نے آٹھ فلٹریشن پلانٹس غیرقانونی طور پر تحصیل دنیا پور میں لگائے جبکہ یہ علاقہ معاہدے میں شامل ہی نہیں تھا، ملزم نے کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹ سے ملی بھگت کرتے ہوئے معاہدے کی شقوں میں ردوبدل کیا۔