ملتان: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دعویٰ کیا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات تاریخی اور نتائج حیران کن ہوں گے۔
ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 85 فیصد چارٹر آف ڈیمو کریسی پر عمل کیا اور یہ پیپلزپارٹی ہی ہے جس نے 58 ٹو بی کا خاتمہ کیا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کو مضبوط کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہی آئین میں ترمیم کرکے نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کا طریقہ وضع کیا جبکہ دوسری جمہوری حکومت کا مدت مکمل کرنا خوش آئند ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مشرف آمریت کا خاتمہ بے نظیر بھٹو نے کرایا تھا جبکہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد اس جمہوریت کے فروغ کے لیے آصف علی زرداری نے نواز شریف کا بائیکاٹ ختم کرایا۔
انہوں نے کہا کہ شجاع آباد سے سابق رکن قومی اسمبلی نواب لیاقت پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں جو اتنخابات میں ہماری حمایت کریں گے۔