بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنے کی حامی بھر لی

Indian Blind Cricket Team

کراچی: ورلڈ کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنے کی تصدیق کر دی ہے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کا میزبان پاکستان ہے جو اس سال نومبر دسمبر میں کراچی میں ہونا ہے، بھارتی بلائنڈ ٹیم نے سب سے پہلے پاکستان آنے کی حامی بھری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے سے 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے بھی پاکستان آنے کی راہ ہموار ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ وارم اپ میچز کے شیڈول کا اعلان کر دیا

سید سلطان شاہ نے کہا کہ ورلڈ کپ بلائنڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے اب تک بھارت سمیت 7 ممالک شرکت کی تصدیق کر چکے ہیں۔ جن میں بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، نیوزی لینڈ ،جنوبی افریقہ اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز بلائنڈ ٹیم کا بھی ورلڈ کپ میں شرکت کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ کے لیے سندھ اور پنجاب حکومت کو خط لکھا ہے جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے میزبانی کی حامی بھی بھری ہے۔ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ کراچی میں کرائیں گے البتہ صوبائی وزیر اسپورٹس محمد بخش سے ملاقات میں مزید معاملات طے ہوں گے۔

سلطان شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے میزبانی سے معذرت کی تو پھر یہ ایونٹ پنجاب میں کرائیں گے۔


متعلقہ خبریں