فجی کے سابق وزیر اعظم کو کرپشن کیس بند کروانے پر سزا

Corruption

سووا: فجی کے سابق وزیر اعظم فرینک بینی ماراما کو اپنے خلاف کرپشن کیس بند کرانے کے جرم میں ایک سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق وزیراعظم فرینک بینی ماراما پر ساؤتھ پیسیفک یونیورسٹی کے مالی معاملات میں کرپشن کا الزام تھا اور انہوں نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے پولیس چیف سے تحقیقات رکوا دی تھیں۔

اُس وقت کے پولیس چیف وزیر اعظم فرینک بینی ماراما کے قریبی دوست بھی تھے اور ان کے کہنے پر پولیس چیف نے کیس بند کروا دیا تھا۔

فجی کے سابق وزیر اعظم فرینک بینی ماراما کی اہلیہ شوہر کو دی جانے والی ایک سال قید کی سزا سننے کے بعد بھری عدالت میں رو پڑیں۔

یہ بھی پڑھیں: چین نے امریکی پابندیوں کو مسترد کر دیا

یاد رہے کہ فرینک بینی ماراما نے 2006 میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں اقتدار پر قبضہ کیا تھا تاہم 2014 اور پھر 2018 میں انتخابات جیت کر وزیر اعظم منتخب ہوگئے تھے۔

تاہم 2022 کے انتخابات میں 70 سالہ فرینک بینی ماراما کو موجودہ وزیر اعظم سیتونی رابوکا اور ان کے اتحادیوں نے شکست دے کر اقتدار سے باہر کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں