پنجاب میں غیر معیاری گندم کی موجودگی پر 42 فلور ملز کو بھاری جرمانے، لائسنس معطل

Wheat

لاہور: پنجاب میں غیر معیاری گندم کی موجودگی پر 42 فلور ملز کو بھاری جرمائے عائد کر دیئے گئے۔ فلور ملز کے لائسنس بھی معطل کر دیئے گئے۔

وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کی ہدایت پر صوبہ بھر میں گندم کے معیار کی جانچ کے لیے چیکنگ کا عمل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک ہزار 160 فلور ملز کی چیکنگ کی گئی۔ اس دوران غیر معیاری گندم کی موجودگی پر 42 فلور ملز کو بھاری جرمانے کر کے لائسنس معطل کر دیئے گئے۔

لاہور، بہاولپور اور رحیم یار خان کی 20 فلور ملوں کو 10 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے۔ شیخوپورہ، راولپنڈی، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور بھکر کی 20 فلور ملوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: 20 لاکھ ٹن گندم کی خریداری ، وفاق نے پنجاب حکومت کو گرین سگنل دیدیا

وزیر خوراک بلال یاسین کے مطابق فلور ملوں کے لائسنس ایک ہفتے کے لیے معطل کیے گئے ہیں۔ قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر فیصل آباد کی 2 فلور ملوں کے لائسنس کینسل کر دئیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کی گرائنڈنگ میں غیر معیاری، فنگس زدہ گندم، مڈ بالز اور ناقص اجزا کے استعمال پر کارروائی کی گئی۔ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

بلال یاسین نے کہا کہ واضح کہتے ہیں قبلہ درست کر لیں۔ غیر معیاری آٹے کی موجودگی پر فلور ملز مالکان کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔ آٹے کے معیار اور روٹی کے وزن میں کمی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچا رہے ہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں