اسلام آباد: نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ سی پیک پراجیکٹ سے پاکستان ریلویز کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور مسافروں کے لیے سہولتوں اور مال بردار ٹرانسپورٹیشن میں بہتری آئی ہے۔
نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں انہیں پاکستان ریلویز کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی، انہوں نے پاکستان ریلویز کے بزنس پلان کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ریلویز کے مسائل پر قابو پانے کے حوالے سے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
وزیر ریلوے روشن خورشید بھروچہ، وزیراعظم کے سیکرٹری سہیل عامر، سیکرٹری ریلویز محمد جاوید انور اور وزرات ریلوے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ریلویز کے تنظیمی ڈھانچے، ریل نیٹ ورک، محکمے کی کارکردگی اور ریلوے سیکٹر میں نیشنل وژن 2025 کے تحت مستقبل کی ترقیاتی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ ریلویز کے نئے بزنس پلان اور مال بردار و مسافر ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں مختلف اقدامات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔