بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کیلئے پہلے پاکستان آئے پھر ٹیسٹ سیریز کا آپشن دیکھیں گے، محسن نقوی

محسن نقوی (mohsin naqvi)

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے روہت شرما کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی خواہش پر اپنا ردعمل دے دیا۔

بھارتی کپتان روہت شرما کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی حمایت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کا شیڈول بہت مصروف ہے، پہلے بھارتی  ٹیم ایونٹ میں پاکستان آئے پھر کوئی آپشن دیکھیں گے۔

ایک تقریب میں محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچز کیلئے انٹرویوز چل رہے ہیں، چند روز میں اعلان بھی ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کے بعد ہوجائے گا، فاسٹ بولر احسان اللہ کے علاج میں کوتاہی کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیں گے، ہر کھلاڑی اہم ہے، اعظم خان کی انجری کو خود مانیٹر کررہا ہوں۔

ایک سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کےلئے انٹرنیشنل کمپنیوں سے رابطے کی وجہ سے ایک، ڈیڑھ ماہ کی تاخیر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل کی تیاری کیلئے اخراجات کا محتاط انداز میں جائزہ لیا جارہا ہے، پی ایس ایل ونڈو کے حوالے سے فرنچائزز سے بات چیت جاری ہے۔

روہت شرما پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے خواہشمند

چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ انٹرکلب ٹورنامنٹ میں 3300 سے زائد کلبز شریک ہوں گے، 7200 میچز جولائی تک مکمل ہوں گے، بہترین کرکٹرز کو اکیڈمی میں ٹریننگ دیکر قومی ٹیم کا بیک اپ تیار کریں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کپتان روہت شرما نے سابق انگلش کپتان مائیکل وان کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچز بہت شاندار ہوں گے کیونکہ پاکستان زبردست ٹیم ہے اور اس کی بولنگ بہت مضبوط ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں