کراچی کے حالات بہتر، لوگ خوشحال زندگی گزار رہے ہیں، وزیر داخلہ سندھ

Zia ul Hassan

کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے لوگ خوشحال زندگی گزار رہے ہیں اور شہر کے حالات بہتر ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی لیڈر شپ سینئر سیاستدان ہیں اور ان لوگوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ایم کیو ایم دور کے کرائم ریٹ اور آج کے کرائم میں واضح فرق نظر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنما سستی شہرت کے لیے ایسے بیان دے رہے ہیں کیونکہ فوج کو جنگی حالات میں بلایا جاتا ہے اور جب بھی ملک کو فوج کی ضرورت ہو گی فوج حاضر ہو گی۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک امن قائم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور امن وامان کی خراب صورتحال پر قابو پالیں گے۔ کراچی میں امن وامان قائم کرنے کے لیے پولیس کی بے شمار قربانیاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: ہائیکنگ ٹریل پر ڈکیتی، ایس ایچ او معطل

انہوں نے کہا کہ پولیس کراچی میں امن وامان کے لیے کوشش کر رہی ہے اور ذمہ داری ادا نہ کرنے والے پولیس افسران کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ آئی جی سندھ گھوٹکی میں موجود ہیں اور انہیں کشمور اور گھوٹکی میں میٹنگ کی ہدایت دی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ حکومت آپ کو ایک موقع دے گی۔ ڈاکو سرینڈر کریں ورنہ آپ کے خلاف سخت کارروائی ہونے جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں