سعودی ولی عہد کا وزیراعظم کی دعوت پر رمضان کے بعد دورۂ پاکستان متوقع

سعودی ولی عہد

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی رمضان المبارک کے بعد وزیراعظم پاکستان کی دعوت پر دورۂ پاکستان متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق سعوی ولی عہد پہلے غیر ملکی سربراہ حکومت ہوسکتے ہیں جو پاکستان میں نئی منتخب حکومت آنے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے آرہے ہیں۔ وہ شہباز شریف کی دعوت پر رمضان المبارک کے فوری بعد پاکستان آسکتے ہیں۔

گزشتہ روز سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی تھی۔ جس پر سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سعودی شاہی مہمانوں کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور سعودی قیادت اور عوام کو رمضان المبارک کی مبارکباد دی۔

خیال رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 2019 میں سابق وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں