شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گزشتہ روز شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران کی نماز جناز ا ادا کر دی گئی، صدر آصف زرداری اور آری چیف نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کردی گئی۔ شہداء کی نمازجنازہ میں صدر آصف علی زرداری سمیت وفاقی وزراء شریک ہوئے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، اعلیٰ حاضر سروس فوجی اور سول افسران بھی جنازے میں شریک ہوئے
اس موقع پر صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو ہمیشہ برقرار رکھا ہے۔ پاک فوج نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھا۔
سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 6 دہشتگردہلاک، 5 جوان اور2 افسرشہید
آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ وطن کے سپوتوں نے مادروطن کے دفاع کیلئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کے رہائشی تھے جبکہ 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید تلہ گنگ کے رہائشی تھے۔ شہداء کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائےگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 5 سیکیورٹی اہلکاراور دو افسر شہید ہوگئے تھے۔