ملک بھر میں آج بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کر دیا۔ بلوچستان، بالائی سندھ، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاقوں وزیرستان، لکی مروت، بنوں ، کوہاٹ، پشاور، باجوڑ، سوات، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بونیر، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ اور مردان سمیت دیگر علاقوں میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب بھر میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف مشن پاکستان میں پروگرام کا جائزہ لے گا

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے تاہم شمالی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ، زیارت، ژوب اور چمن میں صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور تیز ہوائیں چلیں گی۔ کشمیر، گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے کہ مزید بارشوں سے بلوچستان کے علاقوں کیچ اور پنجگور کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔


متعلقہ خبریں