الخدمت فاؤنڈیشن نے بلوچستان میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا


اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔

ترجمان الخدمت فاؤنڈیشن کے مطابق بلوچستان کے علاقوں گوادر، سربندر، ضلع کیچ، جیونی، مکران کے ساحلی علاقوں میں الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ متاثرین کو تیار کھانا، صاف پانی، خیمے، ترپال، جوتے، گرم لحاف فراہم کیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ایمبولینس، میڈیکل ہیلتھ یونٹ اور رضاکاروں کی بڑی تعداد متاثرین کو ریسکیو اور ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔

سیلاب اور بارشوں سے بے گھر ہونے والے متاثرہ خاندانوں کو الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے پناہ گاہوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ شروع، سردی میں اضافہ

چئیرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجازاللہ خان نے بتایا کہ 27 فروری کی موسلادھار بارش نے گوادر میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی تھی جس سے کئی علاقے زیرآب آگئے۔

گوادر اور جناح ایونیو کی بستیاں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ متعدد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں