مخصوص نشستوں کیلئے گوشوارے جمع کرانے کی مہلت ختم


اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے گوشوارے جمع کروانے کی دی گئی مہلت ختم ہو گئی۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مخصوص نشسوں کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا گیا جبکہ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے تحریری درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی گئی۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے تحریری درخواست، پارٹی لیٹر اور بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے، الیکشن کمیشن کی آر اینڈ آئی برانچ نے سنی اتحاد کونسل کے دستاویزات وصول کر لیے اور ڈائری نمبر لگا دیا۔

الیکشن کمیشن نئی پارٹی پوزیشن کے بعد خواتین اور اقلیتوں کی نشستیں الاٹ کرے گا جبکہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو گا۔

13 سیاسی جماعتیں قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: خدمت، دیانت اور محنت کی روایت آگے بڑھائیں گے، شہباز شریف

دوسری جانب قومی اسمبلی کے لیے 86 آزاد اراکین کی جانب سے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے گئے اور پنجاب اسمبلی کے لیے 105 ارکان کے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے سرٹیفکیٹ جمع کرائے ہیں۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے بھی تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 85 آزاد ارکان کے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے سرٹیفکیٹ جمع ہوئے ہیں، علاوہ ازیں سندھ اسمبلی کے لیے 9 ارکان کے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے سرٹیفکیٹ جمع کرائے گئے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے ارکان کی فہرست اور بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے گئے۔


متعلقہ خبریں