لاہور: سندھ اور بلوچستان کے گورنرز مسلم لیگ ن سے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان صدر اور وزیر اعظم کے فیصلوں کے بعد سندھ اور بلوچستان کے گورنرز کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں طے پایا کہ سندھ اور بلوچستان کے گورنرز مسلم لیگ ن کے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی نشت پر پیپلز پارٹی کا نمائندہ بیٹھے گا جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پاکستان مسلم لیگ ن سے ہو گا۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ شہباز شریف وزیراعظم کے متفقہ اور آصف علی زرداری صدر کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فارم 45 کے مطابق پی ٹی آئی اور 47کے مطابق ن لیگ کا امیدوار جیتا ہوا ہے، مصطفیٰ نواز کھوکھر
وفاق میں حکومت سازی کے معاملے پر ہونے والی بیٹھک کے اختتام پر آصف زرداری، بلاول بھٹو اور شہباز شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، اس موقع پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی کمیٹیوں نے بڑی محنت کے بعد اپنا کام مکمل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے نمبرز پورے کر لیے ہیں اور اب ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے پاس حکومت بنانے کے نمبرز پورے نہیں ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی گورنر پنجاب، گورنر خیبر پختونخوا، چیئرمین سینیٹ اور صدر مملکت کےعہدے لے گی جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ن لیگ کا ہو گا۔