مریدکے: ٹریفک حادثہ، 3 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق


لاہور: مریدکے میں کار اور مزدا ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔

ٹریفک حادثے مریدکے کے قریب جی ٹی روڈ پر ریانپورہ کے قریب پیش آیا۔ جب ایک تیز رفتار کار لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے مزدا ٹرک سے ٹکرا گئی۔

تصادم اس قدر شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ ٹرک کا سامنے والا حصہ بری طرح متاثر ہوا، مزدا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار ایک ہی خاندان کے 6 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 3 خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: مبینہ انتخابی دھاندلی، جے یو آئی کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون، 2 مرد اور 3 بچے شامل ہیں، ریسکیو اہلکاروں نے گاڑی کی باڈی کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا اور قریبی اسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی ہونے والی خواتین کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر حادثے کی تفتیش شروع کر دی۔


متعلقہ خبریں