امریکہ میں بھارتیوں کی پراسرار موت، ایک ماہ میں 14 افراد ہلاک


واشنگٹن: امریکہ میں بھارتی نژاد افراد کی پراسرار موت کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران 14 بھارتی نژاد شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک گھر سے میاں بیوی اور ان کے 4 سالہ جڑواں بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

گھر سے ملنے والی مرد کی لاش کی شناخت بھارتی تاجر 42 سالہ آنند سوجیت ہنری کے نام سے ہوئی جبکہ خاتون کی شناخت مقتول کی اہلیہ 40 سالہ ایلس پرینکا کے نام سے ہوئی جبکہ دونوں بچوں کی شناخت 4 سالہ نوح اور نیتھن کے نام سے ہوئی۔

42 سالہ آنند سوجیت ہنری کا تعلق بھارت کی ریاست کیرالہ سے تھا جس نے امریکی نژاد بھارتی خاتون سے شادی کی تھی اور ان کے جڑواں بچے تھے۔

پولیس کو آنند کے ایک رشتہ دار کی کال موصول ہوئی تھی جس نے کہا کہ مسلسل فون کیے جانے پر بھی اہلخانہ میں سے کوئی بھی کال موصول نہیں کر رہا جس پر پولیس آنند کے گھر پہنچی تھی۔ پولیس کھڑکی توڑ کر آنند کے گھر میں داخل ہوئی تو باتھ روم سے میاں بیوی اور بیڈ روم سے بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: مختصر وقت کیلئے دنیا کا امیر ترین شخص جو 2 منٹ میں ساری دولت گنوابیٹھا

پولیس کو مقتولین کے گھر سے ایک نائن ایم ایم پستول بھی ملا جس کا میگزین بھرا ہوا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ خودکشی بعد از قتل کا کیس لگتا ہے تاہم کیس کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے گی۔

اس سے قبل بھارتی نژاد جوڑے اور ان کی نوعمر بیٹی نے ریاست میساچوسٹس میں اپنی 50 لاکھ ڈالر مالیت کی حویلی میں خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی تھی۔

گزشتہ ماہ امریکہ میں 5 بھارتی نژاد طالب علم پُراسرار طور پر کیمپس کے نزدیک یا اپنے گھروں میں مردہ پائے گئے جبکہ 2 بھارتیوں کو جھگڑے میں قتل کیا گیا۔

اس طرح امریکہ میں رواں برس کے آغاز پر ہی مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والے بھارتی نژاد شہریوں کی تعداد 14 ہو گئی۔


متعلقہ خبریں