انتخابات 2024، خواتین امیدواروں کے 60 حلقوں پرٹکر کے مقابلے

پولنگ اسٹیشن

اسلام آباد (زاہد گشکوری، ہیڈ ہم انویسٹی گیشن ٹیم ) صوبائی اور قومی اسمبلی کے 60 جنرل نشتوں کے حلقوں پرخواتین امیدواروں کا مخالف امیدواروں سے کانٹے کا مقابلہ دیکھا جارہا ہے، قومی اسمبلی کے 19 جبکہ صوبائی کے 41 حلقوں پر خواتین امیدواروں کا اپنے مد مقابل کے ساتھ بڑے ٹاکڑے کی امید کی جارہی ہے۔

ہم انویسٹگیشن ٹیم کی تحقیق کے مطابق پنجاب میں 34 حلقوں پرخواتین اپنے حریف امیدوار کوانتخاب کے دن ٹف ٹائم دے سکتی ہیں، سندھ اسمبلی کے 17 حلقوں پرخواتین اپنے مخالف امیدواروں کے ساتھ کانٹے کے مقابلے میں ہیں، خیبرپختونخواہ میں 7 حلقوں پر خواتین مضبوط امیدوار کے طور پر ابھررہی ہیں جبکہ بلوچستان میں 2 خواتین اچھے مقابلے میں نظراتی ہیں۔

عام انتخابات 2018 میں مجموعی طور پر 19 جبکہ 2013 میں 21 قومی اور صوبائی سیٹوں پربراہ راست کامیابی حاصل کی تھی، اس بار غالب امکان ہے کہ خواتین جنرل نشتوں پر2013 اور 2018 کے مقابلے زیادہ سیٹوں پر کامیابی حاصل کرینگی۔

855 جنرل سیٹوں پر مجموعی طورپر 1257 خواتین میدان میں ہیں، این اے 130 لاہور میں یاسمین راشد کا مقابلہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ہے۔ جبکہ این اے 119 لاہور میں ن لیگ کی مریم نواز شریف کا مقابلہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق سے ہے۔

اسی طرح این اے 158 وہاڑی میں تحمینہ دولتانہ کا مقابلہ طاہر اقبال چوہدری سے ہے جبکہ این اے 177 مظفرگڑھ میں شیربانو بخاری کا مقابلہ معظم جتوئی سے ہے۔

تحقیق کے مطابق این اے 64 گجرات میں قیصرہ الہی کا مقابلہ اپنے بھتیجے چوہدری سالک سے ہے جبکہ این اے 151 ملتان میں مہربانو قریشی کا مقابلہ پی پی کے علی موسی گیلانی سے ہے۔

این اے 185 ڈی جی خان میں زرتاج گل کا مقابلہ پی پی کے دوست کھوسہ سے ہے، این اے 24 چارسدہ میں فرح خان کا مقابلہ انور تاج سے ہے، این اے 30 پشاور مین میں شندانہ گلزار کا مقابلہ رئیس خان سے ہے۔

این اے 73 سیالکوٹ میں نوشین افتخار کا مقابلہ علی اسجد سے ہے، این اے 112 ننکانہ صاحب میں ڈاکٹر شزرہ کا مقابلہ اعجاز شاہ سے ہے۔

این اے 29 پشاور میں ثوبیہ شاہد کا مقابلہ ارباب عامر سے ہے، این اے 50 اٹک سے ایمان طاہر کا مقابلہ سہیل خان سے ہے، جبکہ این 223 بدین میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور رسول بخش چانڈیو کا مقابلہ ہے۔

این اے 209 سانگھڑ سے شازیہ مری کا مقابلہ خان جنیجو سے ہے، این اے 202 خیرپور سے نفیسہ شاہ کا مقابلہ غوث علی شاہ سے ہے۔ جبکہ این اے 71 سیا لکوٹ میں ریحانہ ڈار کا مقابلہ خواجہ آصف سے ہے۔

اسی طرح غلام بی بی بھروانہ، زبیدہ جلال، کنول شوزب، امبر مجید، روزینہ بھٹو، سبین صفدر، عائشہ جٹ، سدرہ فیصل، عالیہ حمزہ، راشدہ طارق، سیمابیہ طارق، سائرہ بانو، ڈاکٹر فریال تالپور، راحیلہ مگسی، ڈاکٹر عذرا فضل، ثمرہارون، سویرا پرکاش، سمیرا ملک، فردوس عاشق عوان، مینہ خان، سلیم بی بی بھروانہ، سائرہ افضل تارر اور کچھ اورخواتین بھی اس مقابلے میں آگے آگے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں