لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب پروفیسر حسن عسکری نے کہا ہے کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من و عن عمل درآمد کرائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے ساز گار ماحول فراہم کیا جائے گا، نگراں حکومت کا بنیادی فرض انتخابات کے شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانا ہے، انتخابات میں ووٹرز کو حق رائے دہی کے استعمال کے لیے پرامن فضا اور ماحول فراہم کریں گے، الیکشن سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری کارکردگی سے سیاسی جماعتوں کا ہم پر اعتماد بحال ہوگا، ہم غیر جانبدار حیثیت میں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمام پارٹیوں کے لیے یکساں مواقع فراہم کریں گے اور سب کو سہولتیں دیں گے، محدود وقت میں عوام کی بہتری کے لیے بھی کچھ کرنے کا موقع ملا تو کریں گے۔