10 لاکھ سے زائد بچوں کی زندگیاں خطرے میں


جنیوا: اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے (یونیسف) نے غزہ میں 10 لاکھ سے زائد بچوں کو لاحق خطرات سے خبردار کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یونیسف نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جنگ، غذائی قلت اور مختلف بیماریاں ایک مہلک وبا پیدا کر رہی ہے جس کی وجہ سے 10 لاکھ سے زائد بچوں کو خطرات لاحق ہیں۔

یونیسف کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں صرف ایک ہفتے کے دوران بچوں میں اسہال کے کیسز میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ 2 سال سے کم عمر کے 90 فیصد بچے اب “شدید غذائی قلت اور غربت” کا شکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ نے غزہ کو ناقابل رہائش قرار دے دیا

یونیسف حکام کے مطابق غزہ میں بچے ایک ایسے ڈراؤنے خواب میں گرفتار ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ بدتر ہوتا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے نے غزہ کے تمام بچوں اور عام شہریوں کو تشدد سے محفوظ رہنے اور بنیادی خدمات اور سامان تک رسائی یقینی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ ایک تباہ کن انسانی بحران کا شکار ہے۔ خوراک، پانی، ایندھن اور ادویات کی شدید قلت ہے اور شہریوں کو زندگی بچانے کے لیے بنیادی خوراک نہیں مل رہی ہے۔

یونیسف کے مطابق غزہ میں اوسطاً روزانہ 3 ہزار 200 بچوں میں اسہال کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں