بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں میں 27کروڑ 72لاکھ 55ہزار سے زائد کا اضافہ

pti

بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں میں 5سال کے دوران 27کروڑ 72لاکھ 55ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

2018میں بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں کی مالیت 3کروڑ 86لاکھ 94ہزار روپے تھی جبکہ 2023میں بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں کی مالیت 31کروڑ 59لاکھ 50ہزار روپے سے زائد ہو گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق بانی پی ٹی آئی ایک بھی گاڑی کے مالک نہیں ہیں جبکہ سابق وزیراعظم کے اثاثوں میں 2لاکھ روپے کی چار بکریاں بھی شامل ہیں،بانی پی ٹی آئی نے زمان پارک لاہور میں 7کنال 8مرلے کا گھر وراثت میں ظاہر کیا ہے جبکہ زمان پارک کے گھر کی تعمیر پر 4کروڑ 86لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ ظاہر کیا گیا ہے۔

شوکت خانم اسپتال کو فنڈز جمع کرنے کی اجازت دی جائے، صدر عارف علوی

اسی طرح اسلام آباد میں بنی گالہ میں 300کنال اراضی بطور تحفہ میں وصول ظاہر کی گئی ہے۔بانی پی ٹی آئی نے بنی گالا گھر کی تزئین و آرائش اور ریگولرائزیشن کی مد میں 39لاکھ روپے سے زائد کا خرچ ظاہر کیا ہے جبکہ اسلام آباد کے علاقے مہرہ نور میں 50لاکھ مالیت سے زائد کی 6کنال 16مرلے اراضی بھی اپنے اثاثوں میں ظاہر کی ہے۔

اسلام آباد کے شاپنگ پلازہ میں 12کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دکان بھی بانی پی ٹی آئی کی ملکیت میں شامل ہے جبکہ 3کروڑ 40لاکھ روپے سے زائد مالیت کا دو کمروں کا فلیٹ بھی اسلام آباد کے پلازے میں ظاہر کیا گیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے بھکر میں وراثت میں ملی 188کنال اراضی بھی کاغذات میں ظاہر کی ہے جبکہ ان کے پاس 3کروڑ 15لاکھ روپے سے زائد رقم کیش کی صورت میں موجود ہے، اسی طرح اسلام آباد کے مختلف بنک اکاؤنٹس میں 6کروڑ روپے سے زائد کی رقم ظاہر کی گئی ہے۔

عثمان ڈار کی والدہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے

سابق وزیراعظم نے توشہ خانہ سے خریدی گئی قیمتی اشیا کی قیمت 1کروڑ 18لاکھ 77ہزار سے زائد ظاہر کی جبکہ بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ بشری بی بی کے نام پاکپتن اور دیپالپور میں 698کنال اراضی بھی بتائی ہے۔

دستاویزات کے مطابق بشری بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر بھی کاغذات میں ظاہر کیا گیا ہے تاہم بانی پی ٹی آئی نے ایف بی آر کو 2021میں 14کروڑ 10لاکھ روپے سے زائد کے اثاثے ظاہر کیے جبکہ ایک سال کے دوران 2022میں اثاثوں کی مالیت بڑھ کر 32کروڑ روپے سے زائد ہو گئی۔

ایف بی آر سرٹیفکیٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے 2023میں اثاثوں کی مالیت 31کروڑ 59لاکھ روپے ظاہر کی، بانی پی ٹی آئی نے اپنی تعلیمی قابلیت پولیٹیکل سائنس میں بی اے ظاہر کی ہے۔


متعلقہ خبریں