فخر زمان قلندرز فیملی کا حصہ نہ ہوں، یہ ممکن نہیں، سی ای او عاطف رانا

فخر زمان قلندرز فیملی کا حصہ نہ ہوں، یہ ممکن نہیں، سی ای او عاطف رانا

لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عاطف رانا نے کہا ہے کہ قومی کرکٹر فخر زمان لاہور کی طرف سے ہی کھیلیں گے، اس مرتبہ بھی لوگوں کو ٹف ٹائم دیں گے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ فخر زمان لاہور قلندرز سے فخر پاکستان بنے اور یہ اب کیسے ہوسکتا ہے کہ وہ قلندرز فیملی کا حصہ نہ ہوں۔ وہ پی ایس ایل لاہور قلندرز کی جانب سے ہی کھیلیں گے۔

پی ایس ایل 9، وینیوز اور تاریخوں کا اعلان 13 دسمبر کو کیے جانے کا امکان

عاطف رانا کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اچھے آپشنز ہیں، ایک مضبوط ٹیم بنے گی۔ دو مرتبہ کی چیمپئن لاہور قلندرز اس مرتبہ بھی ٹف ٹائم دے گی۔ پی ایس ایل ڈرافٹ کے لیے پُرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پلیئر ڈویلپمنٹ کے لیے سارا سال کام کرتے ہیں اور اب پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنے کا وقت آگیا ہے۔ پی ایس ایل کو فینز کے درمیان میں ہونا چاہیے، جو سب سے اہم ہے اور ہم پی ایس ایل کا پاکستان میں ہی ہونا اہم سمجھتے ہیں۔

پی ایس ایل 9 ڈائمانڈ کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست جاری

سی ای او لاہور قلندرز نے کہا کہ بڑے نام تو پہلے بھی پی ایس ایل میں نہیں تھے، وہ بڑے نام آئے جو کیرئیر کے اختتام پر تھے، جن میں اے بی ڈویلئیرز، برینڈن میکلم اور کرس گیل جیسے کھلاڑی شامل تھے، ہمارے اپنے بڑے نام ہیں اور ان کی وجہ سے پی ایس ایل بڑی ہے۔


متعلقہ خبریں