اسلام آباد(شہزاد پراچہ) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے اسلام آباد کے مضافاتی علاقہ کنگوٹہ سیداں میں گیس کا ڈیڑھ کلومیٹر طویل غیر قانونی نیٹ ورک پکڑ لیا۔
ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور ایف آئی اے کی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقہ کنگوٹہ سیداں جاپان روڑ پر تین دن قبل غیر قانونی گیس پائپ لائن کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔
اس دوران معلوم ہوا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی مین پائپ لائن سے غیر قانونی کنکشن لے کر کنگوٹہ سیداں کو غیر قانونی گیس فراہم کی جا رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق کنگوٹہ سیداں میں صرف پانچ گیس کے میٹر لگے ہوئے ہیں اور باقی سب کو غیرقانونی گیس فراہم کی جا رہی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی ٹیم نے جمعہ کے روز کھدائی کا عمل دوبارہ شروع کرنا تھا مگر کورٹ کی جانب سے نوٹس موصول ہونے پر کام روک دیا گیا۔
شاہد کھوکھر نامی شخص نے درخواست دی تھی جس کی بنیاد پر کھدائی کا عمل شروع نہ ہو سکا۔ ذرائع نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی ٹیم عدالت میں منگل کو حقائق سے آگاہ کرے گی اور کورٹ کی ہدایات کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔